نوابشاہ۔ 07 فروری (اے پی پی) نوابشاہ:کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے رورل ہیلتھ سنٹر شاہپور جھانیاں کا اچانک دورہ کیا۔
انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر میں صفائی کی خراب صورتحال اور ڈاکٹرز و عملے کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو ہدایات دی کہ اسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ جبکہ ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر کوتاہی برتنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
بعد ازاں کمشنر نے تعلقہ اسپتال مورو اور مختلف پولیو ٹرانزٹ و فکس پوائنٹس کا دورہ کرکے اسپتال میں مریضوں کو ملنے والی صحت کی سہولیات اور پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کا ریکارڈ چیک کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے پولیو ٹیموں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کو شکست دینے کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان بھی پولیو فری ملک ہوگا ۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ٹو و ڈویژنل کوارڈینیٹر سید عمار حسین، ڈویژنل کوارڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جھانگیر کورائی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل گل فیصل الاہی، غلام مجتبیٰ شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمشنر کے ہمراہ تھے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557065