نواز شریف نے 1988ءمیں چھانگا مانگا سیاست کی روایت ڈالی،وزیراعظم عمران خان اس روایت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ کو وڈیو کا سوموٹو ایکشن لینا چاہیے،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

84
ووٹ بیچنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بنائے جائیں گے، دیکھیں گے جو سینیٹرز پیسے دے کر منتخب ہوئے ان کے خلاف کیا کارروائی کر سکتے ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین
ووٹ بیچنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بنائے جائیں گے، دیکھیں گے جو سینیٹرز پیسے دے کر منتخب ہوئے ان کے خلاف کیا کارروائی کر سکتے ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف نے 1988ءمیں چھانگا مانگا سیاست کی روایت ڈالی، وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد بھی اپوزیشن جماعتوں کا خاموش رہنا ان کی اخلاقی پستی کا ثبوت ہے، شفاف انتخابات ملک کے مفاد میں ہے، سمجھ نہیں آتی اپوزیشن کو اوپن بیلٹ سے کیا مسئلہ ہے، سپریم کورٹ کو وڈیو کا سوموٹو ایکشن لیکر پورے معاملے کی تحقیقات کرانی چاہیے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس میں خریدوفروخت ختم ہو اور ہم آگے بڑھیں، شفاف انتخابات ملک کے مفاد میں ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ایم این ایز کا ہر بات پر اپنی لیڈرشپ کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا ہونا جمہوریت نہیں ہے، ان کی پہلی وفاداریاں ملک اور آئین کے ساتھ ہونے چاہییں، خریدوفروخت کی وڈیو سامنے آنے کے بعد بھی اپوزیشن جماعتوں کا ڈھٹائی کے ساتھ اس سلسلے کو جاری رکھنے کی حمایت کرنا حیران کن ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے لینے والوں کی وڈیو تو سامنے آ گئی ہے لیکن رشوت دینے والے بھی اتنے ہی قصوروار ہیں، سپریم کورٹ کو معاملے کا سوموٹو ایکشن لیکر پوری تحقیقات کرانی چاہییں جبکہ الیکشن کمیشن کو بھی آرٹیکل 63 کے تحت دونوں سینیٹرز سے وضاحت طلب کرنی چاہیے، پیسے لیکر ایوان میں بیٹھنا ایوان کی توہین ہے اور دونوں سینیٹرز نااہل ہو سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ وڈیو میں سرعام پیسے لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ان کی باتوں پر کیسے اعتبار کر سکتے ہیں، ان میں کسی دوسرے پر الزام لگانے کی جرات نہیں ہونی چاہیے اور ایسے لوگوں کا سوشل بائیکاٹ کر دینا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی غلط فہمی ہے کہ وہ دھمکیاں دے کر احتساب سے بچ جائیں گے، جس جس نے بھی قوم کے پیسے کا غلط استعمال کیا ہے اسے حساب دینا ہو گا، مولانا فضل الرحمان جس طریقے کے ساتھ حکومت گرانا چاہتے ہیں ایسے حکومتیں نہیں گرتیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا مریخ پر خلائی مشن بھیجنا تمام مسلم ممالک کے کیلئے باعث فخر لمحہ ہے، 60 کی دہائی میں پاکستان خلائی مشن کو لیڈ کر رہا تھا لیکن بدقسمتی سے ہم بہت پیچھے رہ گئے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے بدعنوان قائدین کے آٹھ کیسز لیکر تحریک چلا رہی ہے، عوام چند عناصر کی کرپشن اور پیسے بچانے کیلئے کبھی باہر نہیں نکلیں گے، آج وزیراعظم عمران خان ان کے کیسز معاف کر دیں تو یہ لوگ انہیں مسلم امہ کا لیڈر مانیں گے۔