نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن ہے،نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں ، بابر اعظم

159
ٹی ٹوئنٹی میں ہم نے بھارت کو ہرایاہے ایسا نہیں کہ یہاں ہم نہیں ہراسکتے۔بابراعظم

لاہور۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ایشیا کپ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی،گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں پاک کیویز ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی تقریب کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے،نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کے لیے ہم اچھی تیاری کر رہے ہیں ،ایشیا کپ کے لیے وقت اور کم میچ ہیں اور یہ سیریز اسی کی تیاری کے لیے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رضوان اور میری جوڑی کا ساتھ جاری رہے گا، نوجوان بولر کے آنے کے بعد ہماری لائن اپ بہت مضبوط ہو گئی ہے، ورلڈ کپ کے لیے اور بھی کھلاڑی ٹرائی کر سکتے ہیں، لیکن یہ سیریز ورلڈکپ کے کمبی نیشن کے لیے بہت اہم ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی نے مجھے اعتماد دیا ہے، اب میرا فوکس کپتانی سے ہٹ کر ہے۔

سیریز ٹو سیریز ہم کوشش کرتے ہیں کہ اچھے سے اچھا کریں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی لکھوا کر تو نہیں آتا کہ اس نے ہی کپتانی کرنا ہے۔کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں پرفارمنس پر فوکس کرنا ہے اس لیے میں ایسی چیزوں کو نظر انداز کرتا ہوں اور یہی بہتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے کہ کھلاڑیوں سے پرفارمنس لوں، خود بھی اچھا کھیلوں۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سب نے بھرپور تیاری کی ہے، میگا ایونٹ سے پہلے سیریز بڑی اہم ہے، تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور ردھم میں ہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

پچز سے متعلق بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچز کا معیار اچھا ہوتا جا رہا ہے، اب بھی وکٹ اچھی لگ رہی ہے۔ بیٹنگ آرڈر سے متعلق سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا اب تجربہ کرنے کا ارادہ نہیں، میں اور رضوان ہی اوپن کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ایک سال رہ گیا، سیریز میں دیکھیں گے کہ کہاں کھڑے ہیں، اس سیریز سے ون ڈے سیریز کیلیے بھی مدد ملے گی۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کئی میچ ونرز موجود ہیں ،سیریز ہمارے لیے چیلنج ہو گی،کیویز کو بہترین پیسرز اور سپنرز کا سامنا کرنا ہو گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیوی کپتان نے کہا ہمیں چند سینئر کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں مگر نوجوان کرکٹرز کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، انہیں مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہوگا۔

ٹام لیتھم نے کہا کہ سکواڈ کو تیاری کا زیادہ موقع نہیں مل سکا مگر چند کرکٹرز نے سری لنکا کے خلاف اچھا پرفارم کیا جبکہ چند ایک کو پی ایس ایل میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، ایڈم ملنے، ایش سوڈھی، جم نیشم اور ڈیرل مچل سے اچھی پرفارمنس کی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔کیوی کپتان نے کہا کہ اپنے پلان کے مطابق کھیلتے ہوئے سیریز میں عمدہ پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، بھارت کی کنڈیشنز کے پیش نظر پاکستان میں کھیلتے ہوئے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاری کا بھی اچھا موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج14 اپریل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔