نوجوان طبقہ حقائق اور سچائی کے فروغ کا ذریعہ بنے،مریم نواز کا سوشل میڈیا ٹیم کے اجلاس سے خطاب

247

لاہور۔3فروری (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی چیف آ رگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوان طبقہ حقائق اور سچائی کے فروغ کا ذریعہ بنے، جھوٹ پھیلانے والوں کو سچائی کا آ ئینہ دکھائیں، نوجوانوں کو سوشل میڈیا کو غیر اخلاقی مواد سے پاک کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا،گزشتہ4 سال کے سیاہ آمرانہ دور میں بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا،عمران خان نے بات کرنے کا سلیقہ اور تہذیب چھین لی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون سیکریٹریٹ میں مسلم لیگ (ن ) کی سوشل میڈیا ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے سوشل میڈیا ٹیم کے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کی اور نوجوانوں کو کیو آ ر کوڈ پر سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ بننے کی دعوت دی ۔مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران نیازی ذہنی مریض نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ، گالی اور گولی کو قومی کلچر بنادیا جبکہ محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)شرافت، برداشت اور اخلاقی قدروں پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اختلاف کرنے والے کو دشمن نہ سمجھیں اور سائبر سپیس پر قومی مفاد کی جنگ لڑیں،معاشرے میں تحمل،اخلاق اوربھائی چارے کے جذبے کو ابھاریں۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے سوشل میڈیا ٹیم کے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے کہ آپ رضا کارانہ جذبے سے کام کرتے ہیں،ملک بھر سے پڑھے لکھے،مہذب اور روشن دماغ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے غیر اخلاقی استعمال سے پاک کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کو مثبت رویوں اور تعمیری سوچ کے فروغ کیلئے استعمال کریں،نوجوان طبقہ حقائق اور سچائی کے فروغ کا ذریعہ بنیں اور جھوٹ پھیلانے والوں کو سچائی کا آ ئینہ دکھائیں۔