نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہماراہدف ہے،اعجاز احمد شاہ کا آرمرڈ کور سینٹر نوشہرہ میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب

202

پشاور۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہماراہدف ہے، ہم منشیات کی پیداوار والے ممالک میں نہیں ہیں تاہم اپنی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے اس لعنت کا شکار بنے، منشیات کیخلاف جنگ کا آغاز کردیا ہے جس کیخلاف پوری قوم کو ہمارا ساتھ دینا ہو گا،منشیات سے پاک معاشرے کیلئے ہر کسی کا انفرادی طور پر کردار ادا کرنا ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آرمرڈ کور سینٹر نوشہرہ میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے پاس آوٹ ہونے والے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹر،انسپکٹرز،سب انسپکٹرز،اسسٹنٹ سب انسپکٹرزپر زور دیا کہ ملک و قوم کی امیدوں پر پورا اتریں،مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ٹریننگ اور پریڈ کا معیار بہت اچھا تھا،جس شعبہ کا انتخاب آپ نے کیا ہے یہ آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن و محفوظ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے،آج کا دورففتھ جنریشن وار فیئر کا دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کے خاتمے میں اساتذہ اور والدین کا بھی اہم کردار ہے،منشیات کی لعنت کے خاتمے کیلئے حکومت کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اے این ایف کے پاس آوٹ ہونے والے افسران اپنے فرائض بخوبی انجام دیں گے اور ثابت قدم رہیں گے۔

انہوں نے اپیل کی کہ کورونا وائرس کی نئی قسم سے بچائو کے لیے احتیاط کریں،میری آپ سب سے گزارش ہے کہ ویکسین لگوائیں، ہماری کوشش ہے کہ کورونا کی نئی قسم پاکستان میں نہ آئے لیکن احتیاط اور ویکسین سے ہی اس سے بچاو ممکن ہے، اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا گرین پاکستان کا خواب بھی سچ ہو گا،پاکستان کی ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کو عالمی پلیٹ فارم پر پذیرائی حاصل ہوئی۔