کراچی۔12اکتوبر (اے پی پی):صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی نوجوان نسل کو اپنے شاندار پرفارمنگ آرٹس اور ثقافت سے آشنا اور منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ہر شہر میں عوام میں فن و ثقافت کی نمائش اور فروغ کے مواقع پیدا کئے جانے چاہئیں۔ وہ منگل کو یہاں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (این اے پی اے) کے ضیاء محی الدین ہال میں اردو کے مشہور شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کی یاد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے ہر شہر میں عوام میں اپنے فن اور ثقافت کی نمائش اور فروغ کے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کے لیے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور اس کے بانی صدر ضیاء محی الدین کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے ہاں ضیاء محی الدین جیسے شاندار لوگ موجود ہیں۔
صدر نے کہا کہ وہ اپنا بہت سا وقت کتابوں کے ساتھ گزارتے ہیں اور وہ فنون لطیفہ اور ضیاء محی الدین جیسے لیجنڈز کے مداحوں میں شامل ہیں۔ قبل ازیں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے فنکاروں اور طلباء کے ایک گروپ نے اردو کے عظیم شاعر مرزا غالب کو موسیقی کی پرفارمنس کے ذریعے شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ ضیاء محی الدین نے ایک سکرپٹ پڑھا جسے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور سامعین نے بے حد سراہا۔