نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر آئی ٹی

81

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل مہارتوں کا سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی سیّد امین الحق اگنائٹ اور ورچوئل یونیورسٹی کے مابین ڈیجی سکلز پروگرام کی لانچنگ کے لئے معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے یہاں پیر کو خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سکلز کے ذریعے نوجوان خصوصا ًخواتین گھر میں ہی بیٹھ کر روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکتے ہیں، وزارت آئی ٹی نوجوانوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہے، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ سید امین الحق نے کہا کہ ڈیجی سکلز کے حوالے سے اگنائٹ اور ورچوئل یونیورسٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔آئی ٹی برآمدات کےاضافہ کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں،تمام پروگرامز کی کامیابی کے لئے مشترکہ کوششیں کا ہونا بہت ضروری ہے، خواتین کو بااختیار بنانا وزارت آئی ٹی کا اہم موٹو ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے تمام پراجیکٹس کو شفاف اور وقت پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ ڈیجی سکلز پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد دوسرا مرحلہ اہم سنگ میل ہوگا۔اس سے پہلے سی ای او اگنائٹ عاصم شہریار حسین نے ڈیجی سکلز پروگرام کے دوسرے فیز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی ارشد سلیم بھٹی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزارت آئی ٹی، اگنائٹ اور ورچوئل یونیورسٹی کے افسران بھی موجود تھے۔