نوشہرہ سے اسلام آباد جانےوالی کار سے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد، ملزم گرفتار

124
Illegal weapons
Illegal weapons

پشاور۔ 25 جنوری (اے پی پی):نوشہرہ سے اسلام آباد جانے والی کار سے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کر لی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے نوشہرہ سے دارالحکومت اسلام آباد جانے والی کار سے جدید اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کر لی گئی۔

ترجمان پولیس نے خفیہ اطلاع پر پشاور نوشہرہ جی ٹی روڈ پر عجب باغ کے قریب ناکے پر ایک مشکوک کار کو روک کرتلاشی کے دوران کار کے خفیہ خانوں سے غیر قانونی جدید اسلحہ برآمد ہوا، اسلحہ سمگلر واحد گل کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پکڑے جانے والے اسلحے میں نائن ایم ایم ، ایس ایم جی ایس، پستول، درجنوں رائفلز، ہزاروں کارتوس اور درجنوں میگزین شامل ہیں۔گرفتار ملزم نے غیرقانونی طور پر اسلحہ پنجاب اور اسلام آباد منتقل کرنے والے سرغنہ کے بارے میں اہم انکشاف بھی کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔