نوشہرہ ورکاں، شادی کے موقع پر میزبان نے والدہ سمیت دیگر مہمانوں کو حملہ کر کے زخمی کر دیا ،مقدمہ درج

7

نوشہرہ ورکاں۔24 جون (اے پی پی):نوشہرہ ورکاں شادی کی تقریب میں جھگڑاہو گیا، بیٹے نے اپنے ساتھیوں سمیت والدہ، بہن اور مہمانوں پر ڈنڈوں سے تشدد کیا ۔ بتایاگیاہے کہ نواحی گاؤں منگوکی میں شادی کے دوران گھر اس وقت میدان جنگ بن گیا جب چھوٹے بھائی علی حمزہ کی شادی کی تقریب کے دوران بڑے بھائی علی حیدر کا مہمانوں سے جھگڑا ہو گیا،

جو چند لمحوں میں پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ علی حیدر نے معمولی توتکرار کے بعد اپنے ساتھیوں زین علی، گلزار، محسن، ثمران وغیرہ کے ہمراہ ڈنڈوں اور سوٹوں سے اپنی والدہ، بہن اور تقریب میں موجود مہمانوں احمد حسن، سجاد قریشی اور دیگر افراد پر حملہ کر دیا،حملے کے دوران خواتین کے کپڑے پھاڑ دیے گئے جبکہ مہمانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں بیٹے علی حیدر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔