نویں فیفا ویمنز ورلڈ کپ میں (کل) دو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے

174
فیفا ویمنز ورلڈ کپ

ویلنگٹن۔10اگست (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر جاری نویں ویمنز ورلڈ کپ میں کل(جمعہ کو)دو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔

پہلا کوارٹر فائنل میچ سپین اور نیدرلینڈ ز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا کوارٹر فائنل میچ جاپان اور سویڈن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہے جو اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ سپین ،نیدرلینڈز،جاپان،سویڈن،آسٹریلیا،فرانس،انگلینڈ اور کولمبیا کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل مرحلے میں اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں ۔

میگا ایونٹ میں( کل )دو کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سپین اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں ویلنگٹن کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی جبکہ اسی روز دوسرا کوارٹر فائنل میچ جاپان اور سویڈن کی ٹیموں کےدرمیان آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ کا تیسرا کوارٹر فائنل میچ 12 اگست کو آسٹریلیا اور فرانس کی خواتین ٹیموں کے درمیان برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی روز چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ انگلینڈ اور کولمبیا کی ٹیموں کے درمیان سڈنی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ ٹاپ ایٹ رائونڈ مکمل ہونے کے بعد پہلا سیمی فائنل میچ 15 اگست کو آکلینڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 16 اگست کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ تیسری پوزیشن کے لئے میچ 19 اگست کو برسبین جبکہ میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 20 اگست کو سڈنی کے مقام پر ہوگا