ننکانہ صاحب۔ 21 اپریل (اے پی پی):ضلعی ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس ننکانہ صاحب میں گندم کی فصل کو آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام ریسکیو افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ باقیات کو آگ لگانا قانوناََ جرم ہے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ اور FIRکا اندراج ہو گا ۔ لہذا گندم کی فصل کی کٹائی کے بعد باقیات کو آگ لگانے سے مکمل اجتناب کریں تا کہ اردگردکے کھیتوں کو آگ لگنے سے بچایا جا سکے۔
ضلعی ریپڈانٹی سموگ سکاڈنے قانو ن کی عمل درآمدگی کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے نگرانی شروع کر دی ہے۔ مزید براں گذشتہ 24گھنٹوں میں آگ لگنے کے 15واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور معمول کی ایمرجنسی کے ساتھ ساتھ ایک ہی وقت میں ریسکیو 1122کو مختلف جگہوں سے آگ کی ایمرجنسی کالز موصول ہوتی ہیں جس میں تمام فائر وہیکلز آگ بجھانے میں مصروف ہو جاتی ہیں اور گندم کے کھیتوں میں لگنے والی آگ کی تمام ایمرجنسیز کو ریسپانڈ کرنے کے لئے ناکافی ہوتی ہیں۔
لہذا گندم کے کھیتوں میں آگ سے بچاؤ اور کنٹرول کے لئےاقدامات اپنائیں جیسے ٹرانسفارمر کے اردگردکا ایریا صاف رکھیں۔فوراََ ٹیوب ویل چلا کر کھالوں میں پانی بھر دیں اور ٹریکٹر کی مدد سے ہل چلا کر ملحقہ گندم کے کھیتوں کو محفوظ بنائیں۔سبز پتوں والی ٹہنیوں کی مدد سے آگ کو بجھانے کی کوشش کریں۔ناہموار جگہوں اور کھالوں کو ہموار بنا کر ریسکیوفائر وہیکلز کے لئے راستہ کلئیر کرنے میں معاونت کریں تا کہ آگ مزید کھیتوں میں نہ پھیل سکے اور نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585275