
لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ آشوب چشم کیلئے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں خصوصی کاونٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں، آشوب چشم میں مبتلا افراد کو دوسرے مریضوں سے الگ رکھا جائے اور اگر ممکن ہو تو انہیں طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا جائے گا۔اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آشوب چشم کے مریضوں کو بلا ضرورت او پی ڈی میں نہ بھیجا جائے تاکہ دیگر مریضوں کو محفوظ رکھا جائے، آشوب چشم کائونٹرز پر ہی مکمل ادویات فراہم کی جائیں اور احتیاطی تدابیر بتائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیرعلی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں چھٹیوں کے فیصلے کی وجہ سے آشوب چشم سے متاثر ہونے والے مریضوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ائندہ دنوں میں شہریوں کی طرف سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے آشوب چشم جلدختم ہو جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈینگی وارڈ میں بیڈز اور دیگر وسائل ضروریات کے مطابق استعمال لائے جائیں اگر کسی ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد کم ہے تو بلاوجہ خالی بیڈز ڈینگی وارڈ میں نہ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بیڈز سمیت تمام طبی وسائل ضرورت کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی صحت کے شعبہ میں دستیاب وسائل کو بہترین منصوبہ بندی سے استعمال کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے جس کی وجہ سے طبی سہولیات میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں، تمام وسائل بھرپور انداز میں موجود ہیں جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام وسائل کو دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ استعمال کیا جائے۔