نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی کی پالیسی اینڈ سٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت

104
Chief Minister of Balochistan
Chief Minister of Balochistan

کوئٹہ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے گزشتہ سال سیلاب سے تباہی کے بعد بحالی سرگرمیوں سے متعلق پالیسی اینڈ سٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

جمعہ کو ہونے والے اجلاس کی صدارت نگران وفاقی وزیر پلاننگ اور خصوصی اقدامات سمیع سعید نےکی ۔ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ سال کے سیلاب سے صوبے کو 700ارب روپے سے زائد کا مالی اور سٹرکچرل نقصان ہوا ہےاور سیلاب سے بلوچستان میں 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکانات مکمل منہدم جبکہ 96 ہزار ایک سو 66 مکانات جزوی متاثر ہوئے ، 43 پل بہہ گئے، 2 ہزار 280 کلو میٹر روڑ نیٹ ورک تباہ ہوا ، ایک ہزار 39 تعلیمی ادارے مکمل تباہ جبکہ ایک ہزار 793 جزوی متاثر ہوئے،اسی طرح آبپاشی کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا جس سے زراعت کو نقصان پہنچا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عالمی بحالی امداد میں بلوچستان کے لئے مختص فنڈز ناکافی ہیں جن میں نقصانات کے تناسب سے اضافہ ضروری ہے ،اس وقت بلوچستان مالی مشکلات کا شکار ہے اس لیے جنیوا فنڈز میں بلوچستان کی 20 فیصد گرانٹ شئیرنگ میں وفاقی حکومت ہماری معاونت کرے اور متاثرہ شعبوں کی بحالی کے لئے حکومت بلوچستان کے ساتھ طے شدہ پروگرام پر عمل درآمد کے لئے معاونت کا عمل تیز کرے ،

نگران وزیر اعلیٰ نے صوبے میں 100 ملین ڈالر کے نیشنل پروجیکٹ پر فوری عمل درآمد کے لئے پالیسی اینڈ سٹریٹجی کمیٹی کے فورم کے توسط سے بلوچستان سے تجویز کردہ افسران کے پینل میں سے ایک افسر کی بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر تقرری کی توثیق بھی کی ۔