نگران وزیراعظم کی گوادر میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت ،14 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش

174
Caretaker Prime Minister
Caretaker Prime Minister

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع گوادر میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شہداء نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم اور اسکے رکھوالوں کے حوصلے کبھی پست نہ کر پائیں گے،پوری قوم دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔