لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پیر کے روز ملتان میں نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ کیا اور آوٹ ڈور شعبے کے مختلف حصے دیکھے۔ زیر تکمیل ایمرجنسی،ویٹنگ ایریا،ایڈمن بلاک اور ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کیا۔ فارمیسی، آپریشن تھیٹرز، سی ٹی سکین اور بیسمنٹ کا بھی وزٹ کیا اور سرائے اور کیفے کا بھی دورہ کیا۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اورنشتر ٹو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے تعمیراتی اور دیگر امور کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ منصوبے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور نشتر ٹو کو جلد فنکشنل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ نشتر ٹو ہسپتال ملتان اور گرد و نواح کے عوام کی اشد ضرورت ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے نشتر ہسپتال پر بوجھ کم ہوگا۔ صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور دیگرحکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بعد ازاں نگران وزیراعلی محسن نقوی نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کا دورہ کیااور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔وزیراعلی نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے دریافت کیا۔ وزیراعلی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ملتان کی نئی بننے والی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور اسے جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔