نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ،تعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا جائزہ، کام مزید تیز کرنے کی ہدایت

100
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi

لاہور۔6اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا اورتعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے رات گئے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے منصوبے کے اطراف کارپٹ سٹرک کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔محسن نقوی نے منصوبے پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث ہونے والی تاخیر کے ازالے کیلئے اضافی وسائل اور مشینری استعمال میں لائی جائے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اکبر چوک منصوبے کی تکمیل سے روزانہ لاکھوں گاڑیوں کو آسان آمدورفت کی سہولت ملے گی-ٹریفک جام رہنے کا ایشو مستقل طور پر حل ہو گا۔

منصوبے پر کام کے دوران درختوں کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران وزیراعلی کو بتا یا گیاکہ اکبر چوک فلائی اوورز کی تمام پائل کیپس مکمل کر لی گئی ہیں۔

پیئرز، ٹرانسمز اور گرڈرز پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ فلائی اوورز کے 66 میں سے 16 گرڈرز مکمل ہیں جبکہ دیگر پر کام تیزی سے جاری ہے۔دونوں فلائی اوورز کے نیچے سڑکوں پر اسفالٹ کا کام جاری ہے۔منصوبے سے منسلک 9 میں سے 3 یوٹرنز مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔