نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی پشتون کلچر ڈے پر صوبے اور ملک بھر میں آباد پشتون بھائیوں کو مبارکباد

156
Mir Ali Mardan Khan Domki
Mir Ali Mardan Khan Domki

کوئٹہ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پشتون کلچر ڈے پر صوبے اور ملک بھر میں آباد پشتون بھائیوں کو ثقافتی دن کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام اور قبیلوں کا خوبصورت گلدستہ ہے ہمارے صوبے میں آباد اقوام منفرد طرز ثقافت اور بود و باش کے مالک ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں آباد پشتون قوم اپنی مہمان نوازی اور رواداری میں اپنی مثال آپ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشتون مصنفین ادباء اور شعراء نے ہمیشہ اپنے کلام میں پشتون قوم کو غیرت اور حمیت کی تعلیم دی ہے اور انہیں ہر قسم کے تعصب سے بالاتر ہو کر مثبت سوچ اپنانے اور ایک تعمیری معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کی تلقین کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی پاکستان میں پشتون قبائل نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا پشتون قبائل کی تاریخ بھائی چارے، روا داری روایتی مہمان نوازی اور عزت و احترام پر مبنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پشتون بھائیوں کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں پشتون کلچر ڈے کی مناسبت سے نگران وزیراعلیٰ نے توقع کا اظہار کیا کہ کلچر ڈے منانے کے مقصد کو عملی جامہ پہنانے کے لئے صوبے کے تمام اقوام آپسی بھائی چارے کو مزید فروغ دیں گے اور صوبے کے مثبت عکس کو اجاگر کرنے کا باعث بنیں گے۔