اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):جمہوریہ ترکیہ کی صدسالہ تقریبات کے سلسلے میں اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کیک کاٹا اور برادر ریاست کی تیز تر ترقی کے کامیاب سو سال مکمل ہونے پر ترک سفیر کو مبارکباد پیش کی،تقریب میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،گورنر سندھ کامران ٹیسوری،مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سعودی سفیر سمیت ممتاز اعلی سرکاری و عسکری شخصیات نے شرکت کی،
اس سے پہلے دونوں ملکوں کا ترانہ بجایا گیا،تقریب میں ترک اداروں کے پاکستان میں تعلیم، سماجی بہبود اور ترقی کے ماڈلز کو اسٹالز پر بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا تھا،اس موقع پر بچوں نے شاندار پرفارمنس پیش کی، صدسالہ تقریبات کے جشن کے موقع پر ترک صدر کا ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا جس میں انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور جدید ترکیہ کے بانی مصطفی کمال اتاترک کی زندگی کے ان پہلوئوں پر روشنی ڈالی جس کی مدد سے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط کرکے عوام کی ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ان دوراندیش رہنمائوں کے تدبر سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔