اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عام انتخابات کی تیاریوں کی نگرانی کیلئے نگران وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ چاروں صوبوں کا دورہ کرکے نگران صوبائی حکومتوں اور انتظامی افسران سے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیں اور کمیشن کو آگاہ کریں۔ عام انتخابات 2024ء کی تیاریوں کی نگرانی کے لئے وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے کنوینئر نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات، میری ٹائم افیئرز اور ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نگران وفاقی وزیر نے چیف الیکشن کمشنر کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی عام انتخابات کی تیاریوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
نگران وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم کی قائم کردہ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد عام انتخابات 2024ء کی سکیورٹی کی نگرانی اور انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے جملہ انتظامات اور روابط میں حائل دشواریوں کو دور کرنے کے علاوہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اضافی سکیورٹی کی فوری ضرورت کے پیش نظر ضروری ہدایات دینا اور عام انتخابات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر عملدرآمد کرانا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سراہتے ہوئے نگران وفاقی وزیر کو ضروری ہدایات اور تجاویز دیں اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ذاتی طور پر ان تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اسی ہفتے چاروں صوبائی دارلحکومتوں کا دورہ کریں اور نگران صوبائی حکومتوں، چیف سیکرٹری صاحبان اور آئی جی صاحبان سے ملاقات کر کے انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی کا فوری طور پر ازالہ کریں اور بعد ازاں اپنے ان دوروں کی تکمیل پر تفصیلات سے کمیشن کو بھی آگاہ کریں۔