اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے 20 اکتوبر سے جنوبی کوریا کے شہر چانگ وون میں شروع ہونے والے مائیگرنٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول (ایم اے ایم ایف) 2023 میں شرکت کے دوران پاکستان اور کوریا کے درمیان پائیدار ثقافتی رشتوں کی ضرورت پر زور دیا ہے ، یہ فیسٹیول 22 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
انہوں نے ایک دوسرے کے باہمی احترام اور ستائش کی۔ دونوں اقوام کی مشرکہ ثقافتی اقدار کو بھی اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سے ہمارےثقافتی طائفے اورکورین پرفارمنس ٹیم کے پرفارمرز یہاں موجود ہیں جو ہماری شاندار روایات اور ورثے کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ مجھے اس خصوصی ثقافتی کنسرٹ جو چانگ وون کے متحرک شہر میں مائیگرنٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول 2023 کا ایک خاصہ ہے میں شرکت پر انتہائی مسرت ہوئی ہے ۔
نگراں وفاقی وزیر جمال شاہ نے وضاحت کی کہ ان کی پرفارمنس سے دونوں ملکوں کے عوام کے قصے کہانیاں اور روایات کی نمایاں عکاسی ہو گی۔ ان فنکاروں کا مقصد موسیقی اور رقص کی آفاقی زبان کے ذریعے دو ممتاز قوموں کے بیانیے کو آپس میں جوڑنا اور سرحدوں میں چھپے ان جذبات کو اجاگر کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی تقریب پاکستان اور کوریا کی ثقافتوں کو یکجا کرتے ہوئے روایتی تال اور دھنوں کا ایک دلفریب امتزاج ہونے کا عہد کرتی ہے۔ جمال شاہ نے پاکستان اور کوریا کے درمیان ثقافتی تبادلوں کی طویل تاریخ کی بھی نشاندہی کی جو کہ سینکڑوں سال پرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ مت اور اس کی روایات پاکستان کی سر زمین سے قدیم بایک جے سلطنت میں منتقل ہونے کا ذکر تقریبا ًدو ہزار سال قبل مونک مارانانتھا کے ذریعے ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے جذبے کے تحت کورین ثقافتی طائفے اور فن کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور پرفارم کرنے کے لیے مدعو کرتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ اپنے دورے کے بارے میں اپنی پاکستانی عوام کو کوریا کے فن اور ثقافت کی بھرپور روایات کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا، جیسا کہ وہ چانگون میں کر رہے تھے۔نگراں وفاقی وزیر نے فیسٹیول کے منتظمین، چانگون کی سٹی گورنمنٹ اور تمام افراد اور اداروں کی تعریف کی جنہوں نے اس تقریب کے انعقاد کو ممکن بنایا اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ایسے پلیٹ فارم دونوں اقوام کے درمیان پائیدار دوستی، ہم آہنگی، افہام و تفہیم اور اتحاد کو فروغ دیتے ہیں۔
یہ فیسٹیول جنوبی کوریا کا سب سے بڑا ثقافتی متنوع میلہ ہے جو چانگون یونگی کلچرل پارک اور سیوگسان آرٹ ہال میں اپنی 18ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ پاکستان سمیت پورے ایشیا کے ممالک اپنی متنوع ثقافتوں، ورثے اور اقدار کے ساتھ اس فیسٹیول میں شریک ہیں ۔ پاکستانی ثقافتی وفد ایم اے ایم ایف 2023 میں ”پاکستان زندہ باد” کے مرکزی خیال اور روایتی ملبوسات، لوازمات ، مہندی، ڈھول اور ترانے کے ساتھ ساتھ روایتی رقص بھنگڑے، دھمال، لڈی، اور دیگر بہت سے روایتی موسیقی کے آلات اور دھنوں کے ساتھ شریک ہے۔