اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے معروف فلم اور ڈرامہ ڈائریکٹر سجاد احمد، پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد کنڈی، سابق وی سی گومل یونیورسٹی، بہائوالدین زکریا یونیورسٹی اور سابق ای ڈی ایچ ای سی اسلام آباد اور سرفراز علی کوریجو، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سٹوڈنٹس ایڈوانسمنٹ فنڈ انڈومنٹ (سیف)، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، خیرپور اور بانی، پاک یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک (PUAN) سکھر چیپٹر نے پیر کو یہاں کلچر ڈویژن میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں اور ملک کے فن اور ثقافت کے ورثے کے فروغ اور تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں ہمارے متحرک نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور تخلیقی سرگرمیوں میں مشغول کرنے کے لیے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سمیت پاکستان کی دیگر یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام میں قومی ورثہ اور ثقافت کا فروغ ہی معاشرے کو سماجی برائیوں اور عدم برداشت سے بچا سکتا ہے اور امن و استحکام لا سکتا ہے۔ خیرپور سے آرگینک ہاتھ سے بنی کھیس/لونگی کا روایتی تحفہ وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی جانب سے وفاقی وزیر سید جمال شاہ کو پیش کیا گیا۔