نگران وفاقی وزیر صحت ندیم جان کاشیخ زید ہسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

274

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پیر کے روز شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور سہولیات کے بارے میں دریافت کی ۔اس موقع پرنگران وفاقی وزیر صحت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہیں’ شیخ زید ہسپتال کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں’ ڈاکٹر ز کے مسائل کا حل نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ شیخ زید ہسپتال کے ڈاکٹرز کو سنیارٹی کے مسائل سے حوالے سے حکومت مکمل طور پر آگاہ ہے’ترقی کے اہل ڈاکٹرز کی محکمانہ ترقی کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں’اس حوالے سے درپیش مسائل کو بھی جلد حل کرلیں گے۔انہوںنے کہاکہ شیخ زید ہسپتال مریضوں کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہاہے’ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ شیخ زید ہسپتال میں کلینکل آڈٹ سسٹم لاگو ہونا چاہیے ‘اس سسٹم کے اطلاق سے مریضوں کو سروسرز کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔شیخ زیدہسپتال ہمارے برادر ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے ‘ہسپتال کی کارکردگی میں بہتری لا کر اپنے دورے کے دوران دوست ملک کو آگاہ کروں گا۔