نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات

179

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ حکومت اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، حکومت ملک میں اگلے عام انتخابات کے انعقاد تک آئینی تسلسل فراہم کرے گی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے جمعہ کو ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کو سراہا۔ انہوں نے یورپی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں جی ایس پی پلس سکیم کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس سکیم کو جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو پاکستان اور یورپی یونین دونوں کے مفاد میں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں اگلے عام انتخابات کے انعقاد تک آئینی تسلسل فراہم کرے گی۔یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ یورپی یونین حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے کام کرے گی۔