نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر اہم اجلاس

156
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس

پشاور۔13اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے،سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں پاک فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے،سمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا،

خیبر پختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں،ہم کبھی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا لے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے کوشاں ہیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر اہم اجلاس جمعہ کو گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم کو خیبرپختونخوا کی امن و امان کی تازہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعظم کو صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے۔وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ سمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجا جا رہا ہے تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو۔انہوں نے کہا ہدایت کی کہ امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں،خیبر پختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کومضبوط کرنے کے لئےبھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لئےخیبر پختونخوا پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں تعریف کے قابل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم کبھی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کی عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں ،پوری قوم سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے

،وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے کوشاں ہیں۔وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کو درپیش مالی اور دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مالی مسائل اور نو ضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان ، نگران صوبائی وزراء سید مسعود شاہ، بیرسٹر فیروز جمال ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ ، سید عامر عبدالله،انجنیئر عامر ندیم دررانی، انجنیئراحمد جان، وزیر اعلیٰ کے مشیران ڈاکٹر ریاض انور، ڈاکٹر سرفراز علی شاہ ، معاون خصوصی وزیر اعلی ظفراللہ خان،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔