نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی زیرصدارت اجلاس،موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

140
Climate change

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے منگل کو موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر عملدرآمد تیز کریں۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی ممبر موسمیاتی تبدیلی/فوڈ سکیورٹی اور دیگر سٹیک حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممبر موسمیاتی تبدیلی پلاننگ کمیشن کی طرف سے شروع کیے گئے موسمیاتی تبدیلیوں کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، خاص طور پر ’ریزیلینٹ ریکوری، ری ہیبیلیٹیشن اینڈ ری کنسٹرکشن ‘ ((آر ایف 4) فریم ورک کے تحت جو وزارت منصوبہ بندی نے سیلاب 2022 کے بعد بنایا تھا۔

اجلاس میں ممبر موسمیاتی تبدیلی نے وزارت منصوبہ بندی کی جانب طرف سے اٹھائے گئے کلیدی اقدامات پر روشنی ڈالی جس میں قومی موسمیاتی مالیاتی حکمت عملی (این سی ایف سی)، موسمیاتی سرمایہ کاری کا منصوبہ اور پائیدار مالیاتی بیورو (ایس ایف بی) شامل ہیں۔

ان اقدامات کے تحت کثیرالجہتی اور دو طرفہ اداروں کی طرف سے قائم کردہ ماحولیاتی فنڈز تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے ایس ایف بی کے کام کاج کے بارے میں بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ جو تمام وزارتوں اور صوبوں کو پائیدار مالیاتی فنڈز تک رسائی اور بانڈز، انشورنس، کریڈٹ بڑھانے اور دیگر جیسے فنانسنگ آپشنز کو فروغ دینے کے لیے مشاورتی خدمات فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔

نگراں وزیر نے متعلقہ سیکشن کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے آئندہ کاپ 28 کے لیے تیاری کا کام شروع کریں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں کابینہ نے نیشنل اڈاپٹیشن پلان 2023 (این اے پی) کی منظوری دی ہے جس کا مقصد ان کمیونٹیز کی حفاظت کرنا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا شکار ہیں۔

این اے پی کے تحت حکومت دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کمزور کمیونٹیز کو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کرے گی اور ان اقدامات میں قبل از وقت وارننگ سسٹم اور ہنگامی حالات نمٹنے کے لیے موثر اقدامات شامل ہیں۔ دریں اثنا، منصوبہ بندی کے وزیر نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) اور اس کی اہم سرگرمیوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اور اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں این ڈی آر ایم ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بلال انور، کمپنی سیکرٹری محمد مہران افضل، پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیف کلائمیٹ اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں این ڈی آر ایم ایف کے چار سٹریٹجک ستونوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (ڈی آر آر)، کلائمیٹ چینج/کلائمیٹ فنانس، نالج کریشن اینڈ کمیونیکیشن اور ڈیزاسٹر ریسپانس اور ریزیلینٹ ریکوری شامل ہیں۔ مزید برآں سی ای او نے پائپ لائن کی پیشرفت اور جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے پورے پاکستان میں این ڈی آر ایم ایف کے کامیاب مکمل ہونے والے منصوبے کی تفصیلات اور کمیونٹیز کی رائے کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔