اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت، پیداوار و ٹیکسٹائل ڈاکٹر گوہر اعجاز عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی دن رضاکارانہ طور پر قوم کی خدمت کرنے کا پختہ عہد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے دور میں کوئی تنخواہ، معاوضہ، سرکاری سہولت یا مراعات قبول نہیں کریں گے۔
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بہترین ممکنہ نتائج کو یقینی بنانے کے لئے وہ ذاتی طور پر کسی بھی ایڈوائزری یا خدمت کے لئے اٹھنے والے اخراجات کو خود پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد بغیر کسی ذاتی مالی فائدے کے قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔