نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی ملاقات

179

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے رواں حج سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین سے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔ وہ سعودی وزیر خارجہ امور، داخلہ، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی، مواصلات، سیاحت سمیت دیگر ارکان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کر رہے تھے ۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔

وزیراعظم نے رواں حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے حجاج کرام بالخصوص پاکستانی عازمین کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین کیلئے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں سنجیدہ دلچسپی لینے پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے کسی وزیر حج و عمرہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ سعودی وزیر نے ان کی اور ان کے وفد کے ارکان کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفد مذہبی دوروں کے علاوہ پاکستان میں سعودی سیاحت کو فروغ دینے کی بھی کوشش کرے گا۔