اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے موبائل فون سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی نیلامی کردی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جاز کے سی ای او عامر ابراہیم سے اپنے دفتر میں ملاقات میں کیا۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ فائیو جی آکشن اگلے چند ماہ میں کرنے جا رہے ہیں،
ملک میں بہتر ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، صارفین کو محدود بینڈوڈتھ آفر کی وجہ سے اچھی سروس نہیں ملتی، فائیو جی سے صارفین کو بہتر اور معیاری ٹیلی کام سروسز میسر ہوں گی۔اس سے پہلے ڈاکٹر عمر سیف سی ای او یو فون اور زونگ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ سیلولر کمپینوں کے سی ای اوز سے ملاقاتوں کا مقصد ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیو جی آکشن کی تیاری کے بارے آگاہ کرنا اور مارکیٹ کو فائیو جی آکشن کے لئے تیار کرنا ہے۔