نگراں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی سے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی ملاقات

113
نگراں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی
نگراں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے پیر کو نگراں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی سے ملاقات کی اور انہیں ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول معیاری تعلیم کے فروغ اور انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی میں جامعات کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جامعہ کے نائب صدر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس ڈاکٹر نبی بخش جمانی نے بھی شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے معاشرے کی تعمیر اور خدمات میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کو زیادہ سے زیادہ تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں انتہا پسندی کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ اسلامی یونیورسٹی بہترین پلیٹ فارم ہونے کے ناطے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت پر کانفرنس منعقد کرے۔ یونیورسٹی کے صدر نے کہا کہ یونیورسٹی جلد ہی وزارت کے تعاون سے اس کانفرنس کا شیڈول بنائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی آنے والے دنوں میں ایک اور عالمی کانفرنس منعقد کرے گی جس میں امام کعبہ شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام لیگ آف اسلامک یونیورسٹیز کی ایک اور کانفرنس پر بھی کام جاری ہے جس میں رابطہ عالم اسلامی لیگ کے سربراہ شرکت کریں گے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک شاندار برادرانہ تاریخ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عربی وہ زبان ہے جو بہت فصیح،جامعہ اور انتہائی اہم علوم کے خزانے کی کنجی ہے، اس کا فروغ پوری دنیا میں لازم ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کی حکومت کے وژن کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی امن کے فروغ کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان ایک منفرد وژن کے حامل مسلم دنیا کے عظیم رہنما ہیں۔ وزیر تعلیم نے یونیورسٹی کی ترقی میں جامعہ کی قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے یونیورسٹی کے صدر کو یونیورسٹی کو ایک پرامن حقیقی تعلیمی ادارہ بنانے پر بھی سراہا جہاں حکام اور طلباء کی توجہ تعلیم پر ہے۔ عربی زبان کے فروغ کے موضوع پر یونیورسٹی کے صدر نے وزیر کو بتایا کہ یونیورسٹی اپنے عربی زبان کے کورسز کو وسعت دے گی اور ملک بھر کی باقی یونیورسٹیوں کو اپنی بین الاقوامی سطح کی عربی فیکلٹی سے استفادے کا موقع دے گی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ یونیورسٹی ایسے ہنر مند نوجوانوں کو تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہے جو مارکیٹ کے جدید رجحانات کے علم سے آراستہ ہوں۔

انہوں نے طلباء کی سہولت کے لیے ڈیجیٹائزیشن، فاصلاتی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے یونیورسٹی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ یونیورسٹی کے صدر نے وزیر تعلیم کو یونیورسٹی کے وژن، مستقبل کے منصوبوں اور تعلیمی بہتری کے لیے حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔ یونیورسٹی کے صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم میں بہتری کے لیے وزیر کی رہنمائی میں وزارت کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے صف اول میں ہوں گے۔

ڈاکٹر ھذال نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں یونیورسٹی نے درجہ بندی میں بامعنی ترقی کی ہے۔ یونیورسٹی کے صدر نے وزیر تعلیم کو یونیورسٹی کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کیا اور یونیورسٹی کی جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔