اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج و کلچر جمال شاہ کے ہمراہ وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے چیئرمین کیپٹن (ر) انوار الحق نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایف نائن پارک میں بنائے جانے والے باغ شہداء کا دورہ کیا اور 6 ستمبر کو باغ شہداء کو عوام کے لئے کھولنے کی ہدایت کی۔باغ شہداء ایف نائن پارک میں آرٹ گیلری سے متصل ایریا میں بنایا جارہا ہے جس میں شہداء کے پورٹریٹ بنائے جائیں گے ۔
اس باغ کے بنانے کا مقصد نئی نسل کو شہداء کی قربانیوں سے روشناس کرانا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہوئے ملک و قوم کی حفاظت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) انوار الحق نے ہدایت کی کہ اس باغ کو 6 ستمبر پر عوام الناس کے لئے کھول دیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ باغ میں ہونے والے کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور جلد از جلد ان تمام کاموں کو مکمل کیا جائے تاکہ قومی دن کے موقع پر اس باغ کا افتتاح کیا جاسکے۔