دوبئی۔3دسمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان عالمی ماحولیاتی تنظیموں کے سرکردہ رہنما ئوں کے ہمراہ (کل) پیر کو دوبئی میں COP 28 کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ نگراں وزیر کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر غور کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے ایک پینل مباحثہ میں حصہ لیں گے۔ اس اعلیٰ سطحی پینل میں، وزیر صحت صفر کاربن کے اخراج کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیں گے۔ COP 28 کانفرنس میں دنیا کے 200 ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔
اس حوالہ سے ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ COP 28 کے تمام شرکاء کا مقصد مستقبل میں صاف توانائی اور تبدیلی کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینل میں ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے ایک موثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مباحثہ میں کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں ماحولیات کے اہم کردار پر بھی زور دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ ساتھ ایجنڈے پر عمل درآمد پر جامع بحث شروع کی جائے گی۔ ڈاکٹر ندیم نے کہا کہ یہ تقریب COP 28 کانفرنس میں عملی اور ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=416152