نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ایف ڈی اے سٹی میں 570کنال اراضی پرمختلف رقبہ جات کے 1500 گھر تعمیرکرنے کا اعلان

69

فیصل آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کے ویزن کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت شہریوں کو باکفایت سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایف ڈی اے کے زیراہتمام گرانقدر منصوبہ ترتیب دیاگیاہے جس کے تحت ایف ڈی اے سٹی میں 570کنال اراضی مختص کرکے مختلف رقبہ جات کے 1500 گھر تعمیر کیے جائینگے۔ اس ضمن میں بدھ کے روز ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم اور چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے ایف ڈی ا ے سٹی میں مجوزہ رقبے کا معائنہ کرکے محل وقوع کا جائزہ لیا اور وہاں تما م تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے انفراسٹرکچرکے قیام کی موزونیت کو چیک کیا۔

ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، جنید حسن منج، پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب الرحمن ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو پروان چڑھانے کیلئے تیز رفتار ی سے تمام تر ضروری محکمانہ اقدامات کئے جائینگے تاہم اس سلسلہ میں سیاسی قیادت کی معاونت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے اس منصوبے کی گورننگ باڈی سے منظوری کے بعد پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل پنجاب نے بھی اتفاق کیاہے جس کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے مختص اراضی کے محل وقوع کی ترتیب میں مزید بہتری کی تاکید کی اور کہاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام انتہائی اہمیت اور افادیت کا عوامی منصوبہ ہے جس پر وزیراعظم عمران خان کی گہری توجہ مرکوز ہے لہٰذا فیصل آباد میں اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں ایف ڈی اے اپنا فعال اور بہترین کردار ادا کریگا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہاکہ وہ اس منصوبے کی پیش رفت کیلئے محکمانہ رابطوں کا تسلسل جاری رکھیں اس ضمن میں حکومت پنجاب کی توقعات پر پورا اترا جائے تاکہ باکفایت رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے اس فلاحی منصوبے کا بہترین تاثر ابھرکر سامنے آئے۔

بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم اور چیئرمین چوہدری لطیف نذر نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ایف ڈی اے سٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وہ ون ونڈو آپریشن روم میں گئے اور جائیدادوں کی منتقلی سمیت عوامی سہولت کے دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران اور سٹاف کو بہترین نظم ونسق کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ ون ونڈو آپریشن کے تحت شہریوں کو سروسز کی فراہمی کے معیار میں مزید بہتری لائیں اور ہردرخواست گزار کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے فوری ریلیف کی فراہمی کی کوشش کریں تاک ادارہ پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کیلئے نوٹسز کے اجرا اور براہ راست رابطوں کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر ڈی جی ایف ڈی اے اور چیئرمین نے ایف ڈی اے سٹی پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی تجاویز دیں جن کا قابل عمل حل تلاش کیاجائیگا۔ انہوں نے افسران کو عوامی بہبود کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قریب معیاری کینٹین قائم کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس سے قبل ڈی جی اور چیئرمین ایف ڈی اے نے ملت ٹاؤن میں کمرشل ایریا کا وزٹ کیا اور ترقیاتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے بعض بے ضابطگیوں کی اصلاح کرنیکی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ملت ٹاؤن کی تعمیروترقی کیلئے کوئی قانون شکنی نہیں ہونی چاہئے اس ضمن میں باقاعدہ مانیٹرنگ کاسلسلہ جاری رکھاجائے اور کسی قسم کے ترقیاتی، انتظامی مسائل کو فوری نوٹس میں لائیں۔