نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کےلئے آن لائن اور نادرا کے ای سہولت فرنچائز پر رجسٹریشن جاری

585

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام میں اب تک 11 لاکھ سے زیادہ افراد ملک بھر میں رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ رجسٹریشن نادرا کے ای سہولت فرنچائز اور آن لائن ویب سائیٹ پر زور و شور سے جاری ہے۔ نادرا کے ترجمان کے مطابق نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کو عوام میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے، خیبر پختونخوا سے 109,475، فاٹا سے 2065، پنجاب سے 477,337، سندھ سے 130,981، اسلام آباد سے 248,424، گلگت بلتستان سے 13,984، بلوچستان سے 79218 اور آزاد کشمیر سے 9813 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع اسلام آباد 248,424 رجسٹریشن کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ فیصل آباد 106371 رجسٹریشن کے ساتھ دوسرے، لاہور 101483 رجسٹریشن کے ساتھ تیسرے، کوئٹہ 72072 کے ساتھ چوتھے اور کراچی 71295 کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ آن لائن رجسٹریشن 15 اکتوبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کرائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ اپنا گھر حاصل کرنے کے لئے جلد از جلد آن لائن رجسٹریشن کرائیں۔ مزید برآں کراچی کے عوام کے لئے ڈی ایچ اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجیسٹریشن کی سہولت مہیا کی گئی ہے جبکہ سستا اور آسان قسطوں پر گھر کی خواہش رکھنے والے حضرات رجسٹریشن گھر بیٹھے http://nphp.nadra.gov.pk پر بغیر کسی اضافی فیس کے کروا سکتے ہیں۔