نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گااور قانون کے مطابق کام کرے گا، چیئرمین نیب

نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گااور قانون کے مطابق کام کرے گا، چیئرمین نیب

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ( ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گااور قانون کے مطابق کام کرے گا، شائستگی، تہذیب اور انصاف پسندی نیب کی پہچان ہوگی،ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

پیر کو نیب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب راولپنڈی کے دفتر میں عوام سے دھوکہ دہی کے مختلف فراڈ کیسز کے متاثرین میں معاوضے کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔چیئرمین نیب نے شرکاء سے خطاب کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ نیب مکمل طور پر غیر سیاسی رہے گا اور قانون کے مطابق کام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ ادارہ مختلف تنازعات کا حصہ رہا جس کی وجہ سے یہ اپنے اصل کام پر توجہ مرکوز نہ رکھ سکا اور اس کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ان کا مقصد نیب کا ایک منصفانہ اور غیر جانبدار ادارہ کے طور پر تشخص بحال کرنا ہے۔چیئرمین نیب نے عالمی کرپشن انڈیکس میں ملک کی تنزلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے لوٹی گئی رقم کی واپسی پر متاثرین کے صبر کو سراہا تاہم چیئرمین نیب نے عزم کیا کہ اب کیسز قانون کے مطابق مقررہ معیاد کے مطابق نمٹائے جائیں گے۔قبل ازیں ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ نیب راولپنڈی نے 5 فراڈ کیسز میں 3.5 ارب روپے کی ریکوری کی، جس میں سے 27 ملین روپے متاثرین میں آج تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

ان کیسیز میں سندھ ٹریکٹرز اسکیم میں جعلی اکاؤنٹس میں 130 ملین روپے حکومت سندھ کے حوالے کئے جا رہے ہیں، عسکریہ ہاؤسنگ سکینڈل میں 500 ملین روپے، نیشنل ہاؤس بلڈنگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن فراڈ میں 1.9 بلین روپے اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سارک، پلڈاٹ اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں نے نیب کی کارکردگی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک منصوبوں پر شفاف عملدرآمد کے لئے چین کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں نیب راولپنڈی کے ملازمین سے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب نے لوٹی گئی رقم کی واپسی میں ان کے کام کو سراہا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا کوئی فیورٹ نہیں ہے اور ادارہ صرف ایمانداری اور غیر جانبداری کے اصول پر سختی سے کام کرتا ہے۔ تفتیشی مرحلے کے دوران تمام ملزمان شائستگی اور تہذیب کے مستحق ہیں۔انہوں نے تلقین کی کہ “ان کے ساتھ ویسا ہی سلوک برتیں جیسا اپنے لئے چاہتے ہیں”۔ ملازمین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے جلد از جلد حل کے ذریعے ملازمین بالخصوص خواتین عملے کے لئے کام کے ماحول کو ہر ممکن حد تک آرام دہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روٹیشن پالیسی کو ہر صورت میں لاگو کیا جائے گا۔چیئرمین نیب نے اس موقع پر پودا بھی لگایا اور نیب راولپنڈی کے ملازمین کے ساتھ گروپ فوٹو میں شرکت کی۔