نیب نے دیانتداری کیساتھ متاثرین کے حقوق کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے، اب تک50ارب روپے سے زائد کی رقم متاثرین میں تقسیم کر چکے ہیں،چیئرمین نیب جسٹس( ر) جاوید اقبال

59

لاہور۔12مئی (اے پی پی):قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس( ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے انتہائی دیانتداری کیساتھ متاثرین کے حقوق کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیب لاہور میں متاثرین میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور، ہا وسنگ سیکٹر و دیگر کرپشن کیسز کے متاثرین اور نیب کے آفیسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے انتہائی دیانتداری کیساتھ متاثرین کے حقوق کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب مشکل ترین کام ہے جبکہ کرپشن کے خاتمے کیلئے ادارہ کی مضبوط اور مربوط پالیسی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے تاحال 864 ارب کی ریکوری کی جبکہ بطور چیئر مین انکے دور میں نیب 584 ارب کی ریکوری کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو انکی رقوم فوری طور پر واپس لوٹائی جاتی ہیں، نیب نے 50 ارب سے زائد متاثرین کو تقسیم کئے، یہ رقوم عوام کی امانت ہے اور انہیں لوٹائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں ایک جامع نظام اور مکمل حساب کتاب موجود ہے، امانت میں خیانت کا تصور نہ کبھی ذہن میں آیا اور نہ ہی آئیگا، نیب میں لوگوں کی عزتِ نفس کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے، نیب اپنے اختیارات کے استعمال میں رب کے سامنے جوابدہ ہے۔

جسٹس ( ر)جاوید اقبال نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاست میں فرق ہے، نیب کا تعلق صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھوں میں کشکول ہونیکی بڑی وجہ کرپشن ہے اگر کرپشن کے خاتمہ کیلئے اقدامات نہ ہوئے تو یہ کشکول ہاتھ میں ہی رہے گا،غیر قانونی ہا وسنگ سوسائٹیوں کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر100سوسائٹیاں کام کر رہی ہیں تو ان میں 86فیصد غیر قانونی ہیں،عوام کو کہتے ہیں پلاٹوں و مکانات کی بکنگ میں انتہائی احتیاط سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کسی دور میں کسی کیلئے مسئلہ نہیں رہا بلکہ مسائل کا حل ہے،یہاں جو متاثرین بیٹھے ہیں انکے دکھوں کا مداوا نیب ہی کروا رہا ہے، نیب میں پولیٹیکل انجینئرنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، نیب کامقصدملک سے کرپشن کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی برآمدگی ہے، نیب کی کارکردگی کی مختلف بین الاقوامی اداروں نے بھی تعریف کی ہے۔

ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں نیب کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے جسٹس ( ر)جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب لاہور کاانتہائی اہم کردار ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ موجودہ قیادت کے دور میں نیب لاہور نے 15 ارب روپے ملزمان سے برآمد کروا کر متاثرین میں تقسیم کئے ہیں جبکہ 85 ارب مالیت کے مکان، پلاٹ و فلیٹس متاثرین کے حوالہ کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں ون مین شو نہیں ہوتا بلکہ نیب میں تفتیش و تحقیقات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام موجود ہے،نیب نے ہمیشہ کوشش کی کہ ایمانداری سے متاثرین کو انکے حقوق واپس دلوائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے حساب کتاب میں ایک پائی کی کمی بیشی نہیں۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر ) جاوید اقبال نے 1915 متاثرین میں 1 ارب 5 کروڑ سے زائد مالیت کے چیکس تقسیم کئے۔ متاثرین کی جانب سے چیئر مین نیب کی سرپرستی اور ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں نیب کے اقدامات کو بھرپور سراہا گیا۔