نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ کیس بند کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دے دیا

77
ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ کیس بند کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

جمعہ کو اپنے وضاحتی بیان میں نیب نے نیب لاہور کی جانب سے ایل ڈی اے پلاٹوں کی الاٹمنٹ انکوائری کے بند ہونے سے متعلق میڈیا کے ایک حصہ میں شائع اور الیکٹرانک میڈیا پر نشر کی گئی خبر کے حوالے سے ردعمل میں واضح طور پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیس کو بند کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے ایل ڈی اے پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے کیس کی انکوائری نیب لاہور میں جاری ہے اور اس کیس کو بند نہیں کیا گیا۔

عوام میں غلط رپورٹنگ کے ذریعے بے بنیاد معلومات کی فراہمی نہ صرف بددیانتی ہے بلکہ نیب کے خلاف مذموم مہم کا حصہ ہے، نیب امید رکھتا ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت کی حقیقی روح کے مطابق نیب سے متعلق کسی بھی خبر کو شائع یا نشر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کی جائے گی اور نیب ترجمان سے نیب کا سرکاری موقف حاصل کیا جائے گا۔