نیب نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی میں ملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بدعنوانی کے ریفرنسز تیار کئے ہیں، نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال

47
نیب نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی میں ملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بدعنوانی کے ریفرنسز تیار کئے ہیں، چیئرمین نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی میں ملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بدعنوانی کے ریفرنسز تیار کئے ہیں جنہوں نے فالودے والا ،چھابڑی والااور پاپڑ والے کے نام پر منی لانڈرنگ کی ،

جو لوگ میڈیا میں اپنی بے گناہی کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں اپنے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست کریں جہاں قانون ان کی بے گناہی سے متعلق اپنا راستہ اختیار کرے گا ۔ نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہاکہ نیب کسی بے بنیاد میڈیا رپورٹس اور نیب کے خلاف بطور ادارہ پراپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر بڑی مچھلیوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے اپنا قومی فرض ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ نیب قانون کے مطابق تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے وائٹ کالر کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے ، نیب نے سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جس میں ڈائریکٹر ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ، انویسٹی گیشن آفیسر ، لیگل کونسل ، مالیاتی مہرین اور محکمہ لینڈ ریونیو کے افسران شامل ہیں جس سے نیب کی کارگردگی میں بہتری آئی ہے ۔

نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے ،پاکستان سارک انٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے ،نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے اکتوبر 2017سے اکتوبر 2021تک بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 541ارب روپے وصول کئے ہیں جو کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں ریکارڈ کامیابی ہے اور اس سے نیب افسران کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے قومی فرض کی ادائیگی کے لئے عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی مختلف احتساب عدالتوںمیں 1264کرپشن کیسز زیر سماعت ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔ نیب کی کارکردگی کا باقاعدہ بنیادوں پر مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن کے ذریعے کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ اسے مزید بہتر بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ، نوجوانوں کو اوائل عمری میں یونیورسٹی اور کالجوں میں بدعنوانی کے منفی اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔ نیب نے اس اقدام کے تحت ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی 50ہزار سے زائد انجمن قائم کی ہیں ۔

متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں میں بدعنوانی کی روک تھام اور خامیوں کی نشاندہی میں معاونت کے لئے ان کی مشاورت سے پریونشل کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں ۔

نیب نے نیب ہیڈکوارٹر اور تمام علاقائی بیوروز میں کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے جامع معیاری مقداری نظام وضع کیا ہے جس کے تحت سالانہ اور ششماہی بنیادوں پر نیب ہیڈ کوارٹر اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے جس کے باعث نیب کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی و بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے ۔