نیب وزیر اعظم کے ویژن کے تحت بلا تفریق احتساب کا عمل جاری رکھے گا، حکومت ملک میں چینی بحران کے ذمہ داران کیخلاف ضرور کارروائی کرے گی ،معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر

55

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نیب وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت بلا تفریق احتساب کا عمل جاری رکھے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں چینی کا بحران پیدا کرنے کے ذمہ داران کے خلاف ضرور کارروائی کرے گی، نیب شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی کی قیمت مقرر کردی ہے اور سستے نرخوں پر مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالتیں بلا امتیاز اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کررہی ہیں، پہلے شہباز شریف سے تحقیقات کی گئی تھیں اور اب احتساب عدالتیں جہانگیر ترین سے چینی کے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھی اس ضمن میں ہدایات دی گئی تھیں تاکہ شوگر مل مالکان کے خلاف گزشتہ پانچ سال کی مدت کا آڈٹ کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ حکومت نے برطانوی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ نواز شریف کے طبی علاج کی تفصیلات فراہم کریں، عدالتیں پہلے ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مفرور قرار دے چکی ہیں، ہم میڈیکل رپورٹس کا انتظار کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ برطانوی ہسپتال جلد ہی تفصیلات منظر عام پر لے آئیں گے۔