نیشنل بلائنڈ گیمز کا تیسرا ایڈیشن پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا

123

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نیشنل بلائنڈ گیمز کا تیسرا ایڈیشن اتوار کو پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا ۔چار روزہ ایونٹ میں پاکستان بھر سے خصوصی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ایونٹ میں بلائنڈ فٹ بال، بلائنڈ جوڈو، بلائنڈ ارچری ، بریل شطرنج، ایتھلیٹکس اوربلائنڈ بیس بال کے مقابلے ہوئے جن میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کیں اور فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے گئے ۔بلائنڈ بیس بال کے مقابلوں میں گلگت بلتستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد جموں اینڈ کشمیر رنراپ رہا ۔ جوڈو کے مقابلوں میں خیبر پختونخوا کی شمائلہ نے طلائی ، آزاد جموں و کشمیر کی صبا نے چاندی اور اسلام آباد کی زمرہ رفیق نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔ بریل بلائنڈ شطرنج کے مقابلوں میں پنجاب کے راشد نثار نے طلائی ، پنجاب کے عامر لجاز نے چاندی اور پنجاب ہی کے انیلہ شہزادی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔

بلائنڈ فٹ بال مرد کٹیگری کے مقابلوں میں خیبر پختونخوا نے کامیابی حاصل کی جبکہ اسلام آباد کی ٹیم رنر اپ رہی ۔بلائنڈ فٹ بال خواتین کیٹیگری کے ایونٹ میں پنجاب کی ٹیم نے ایونٹ جیت لیا جبکہ اسلام آباد کی ٹیم رنر اپ رہی ۔بلائنڈ آرچری مرد کیٹیگری میں خیبر پختونخوا کے وسیم خان نے طلائی ، آزاد جموں و کشمیر کے اسامہ ہاشمی نے چاندی اور خیبر پختونخوا کے اسامہ خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔بلائنڈ آرچری خواتین کیٹیگری میں اسلام آباد کی وجیہہ نے طلائی ،آزاد جموں و کشمیر کی صبا نے چاندی اور سندھ کی زینب نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔ایتھلیٹکس -بی ون 100 میٹر میں مرد کیٹیگری کے مقابلوں میں عدنان نے طلائی ، معین نے چاندی اور مبشر نے کانسی کا تمغہ جیت لیا ۔ایتھلیٹکس -بی ٹو 200 می مرد کیٹگری میں منان نے طلائی ، وسیم نے چاندی اور عثمان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔ایتھلیٹکس بی ون 100 میٹر خواتین کیٹیگری کے مقابلوں قندیل نے طلائی

شمائلہ نے چاندی اور فاطمہ نے کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے ۔ایتھلیٹکس بی ٹو 100 میٹر خواتین کیٹیگری کے مقابلوں میں کرن نے طلائی ، ہیرا نے چاندی اور نمرہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔نیشنل بلائنڈ گیمز 2024 نے بصارت سے محروم کھلاڑیوں کی لچک، طاقت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ ان کی نمایاں کامیابیاں سب کے لیے ایک مثبت اور شمولیتی کھیلوں کی صلاحیت کا ثبوت ہیں۔پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن (پی بی ایس ایف ) نابینا کھلاڑیوں کے لیے مواقع فراہم کرنے، انہیں قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بہترین کارکردگی دکھانے اور اپنی شناخت بنانے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔مختلف کیٹیگری میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے گئے ۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن اشرف عظیم شامل تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی غیر معمولی لگن اور صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ایوانٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے ایونٹ کے کھلاڑیوں کے لیے سود مند ثابت ہو گی ۔اس موقع پر پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن (پی بی ایس ایف) کے اراکین میں صدر پی بی ایس ایف محمد وقاص، جنرل سیکرٹری پی بی ایس ای سلمان الہی ، نائب صدر پی بی ایس ایف شہزاد جاوید، جی ایم پی بی ایس ایف بلال جاوید اور پی بی ایس ایف کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ خلیل احمد موجود تھے ۔