نیشنل سوشل میڈیا کوآرڈینیشن ورکنگ گروپ کا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کے لیے "میٹا "کے ساتھ پہلا اجلاس ، ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ اور معاشی نمو کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر مبنی اقدامات کے امکانات کا جائزہ

136

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):اسلام آباد میں نیشنل سوشل میڈیا کوآرڈینیشن ورکنگ گروپ ( این ایس ایم سی ڈبلیو جی ) کے ساتھ فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میسنجر کی بنیادی کمپنی "میٹا "کے نمائندوں نے حکومت کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سلسلہ میں اقدامات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے اکتوبر 2021 میں این ایس ایم سی ڈبلیو جی تشکیل دیا تھا تاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ بات چیت کرکے سوشل میڈیا سے متعلق پالیسیوں پر کام کیا جا سکے۔

ورکنگ گروپ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر بھی بھرپور توجہ دےرہا ہے۔

ورکنگ گروپ کے ساتھ اپنے پہلے اجلاس میں میٹا کے نمائندوں نے حکومت کو اپنے ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو ڈیجیٹل خواندگی، شمولیت اور کام کی اہلیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے رابطے، مضر رساں مواد کو ہٹانے کے لیے ٹولز اور سسٹمز، مقامی قوانین، قواعد و ضوابط کے فریم ورک کی تعمیل، اور مقامی مواد کے کے تخلیق کاروں کی مدد کرنے کے طریقوں کے شعبوں میں ممکنہ باہمی تعاون کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

این ایس ایم سی ڈبلیو جی نے میٹا کے تمام پلیٹ فارمز سے مضر رساں اور غیر قانونی مواد کو موثر اور بروقت معتدل بنانے بارے اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔

دونوں فریقوں نے اس ضمن میں طریقہ کار کو بہتر بنانے اور مواد کو معتدل بنانے اور مقامی قوانین کی تعمیل کے لئے تعاون جاری رکھنےپر رضامندی کا اظہار کیا ۔

میٹا کے ممبران نے ڈیجیٹل منظر نامے پر موجودگی بڑھانے کے سلسلہ میں پاکستان کے مستقبل کے منصوبوں کو سراہا۔

مزید برآں، میٹا اور ورکنگ گروپ نے اکیڈمیا، انکیوبیشن سینٹرز، اسٹارٹ اپس اور ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والوں کے ساتھ اشتراک کرکے پاکستان میں کمیونٹی لیب کے ممکنہ قیام پر اتفاق کیا۔

یہ لیب پاکستان میں کنیکٹیویٹی ایکو سسٹم کو بڑھانے میں مدد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حل تیار کرنے اور جانچنے کے لیے ایک پلیٹ فارم دےگی۔

جنوبی ایشیا کے لئےمیٹا کے ہیڈ برائے پبلک پالیسی صارم عزیز، نے کہا کہ ورکنگ گروپ کی تشکیل نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے حکومتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں رہنے ، وژن اور خیالات کا اشتراک کرنے اور درکار ضروریات کے سلسلہ میں فوری کارروائی کو آسان بنا دیا ہے۔

ہم بڑے پیمانے پراقتصادی ترقی لانے کے لیے کنیکٹیویٹی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل اپ اسکلنگ پروگراموں میں اشتراک کرتے ہیں اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں پائیدار ڈیجیٹل معیشت بنانے کے حکومت پاکستان کے وژن کو سراہتے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں کہ آن لائن جگہیں محفوظ، آزاد اور پاکستان میں ہر کسی کے لیے قابل رسائی رہیں۔

این ایس ایم سی ڈبلیو جی نے بتایاکہ یہ میٹا کے ساتھ ایک نتیجہ خیز اور سود مند پہلی بات چیت تھی اور ورکنگ گروپ ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے لئےمشاورت جاری رکھے ہوئے ہے جو طویل مدتی پائیدار اقتصادی ترقی کو تقویت بخشے گی۔

ہم اس ضمن میں میٹاکی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو نہ صرف مقامی رابطے کی کوششوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، بلکہ یہ پاکستانی کاروباروں اور تخلیق کاروں کے لیے اپنے پلیٹ فارمز پر بامعنی، قابل اعتماد آمدنی پیدا کرنے کے لیے مختلف طریقے بھی تلاش کر رہا ہے اور مستقبل میں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ حکومت پاکستان اور میٹا کے درمیان پہلا اجلاس ہوا ہے جس نے حکومت پاکستان اور میٹا میں شروع ہونے والی متعدد مصروفیات کا تعین کیا ہے کیونکہ دونوں ملک بھر میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور شمولیت کو بڑھانے کا عہد کرتے ہیں۔