راولپنڈی۔22جنوری (اے پی پی):نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور نے کراچی ، کوئٹہ نے پشاور اور ملتان نے راولپنڈی کو شکست دے دی ۔ شعیب اختر سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے کراچی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے ہرا دیا ، لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے ، بسمہ معروف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 54 رنز بنائے ، سدرہ امین 41 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں ، کراچی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے ، عمیمہ سہیل 46 رنز بنا کر نمایاں رہیں ، بسمہ معروف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ نے پشاور کے خلاف 65 رنز سے کامیابی حاصل کی ، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے ، دعا ماجد نے 56 اور طوبٰی حسن نے 46 اور فریحہ محمود نے 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، جواب میں پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا پائی ، مومنہ ریاست 33 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں ، صائمہ ملک نے تین اور طوبٰی حسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، طوبٰی حسن کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
ڈائمنڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں ملتان نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دی، راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، عائمہ سلیم نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے ، نور الایمان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں ملتان نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، گل فیروزہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، نور الایمان اور گل فیروزہ کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔