نیشنل ٹی 20 کپ 2022، خیبرپختونخوا کی مسلسل چوتھی فتح ،سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

204

راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):نیشنل ٹی 20 کپ 2022، خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 42 رنز کا ہدف پانچویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ محمد عمران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پیر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کا 11واں میچ بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 5 اوورز تک محدود کر دیا گیا ۔ سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 41 رنز بنائے ، زین عباس 14، محمد الیاس 13 اور شارون سراج 11 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے عمران خان سنیئر اور محمد عمران نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 4.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عامر عظمت 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، سدرن پنجاب کے محمد الیاس نے دو وکٹیں حاصل کیں ، محمد عمران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔