نیشنل ٹی ٹونٹی کپ۔ سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

108

لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹونٹی کے میچ میں جی ایف ایس سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرادیا، بلوچستان کا 114 رنز کا ہدف سندھ نے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے 29ویں میچ میں بلوچستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےپانچ وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بناسکی۔لو اسکورنگ میچ میں سندھ نے مطلوبہ ہدف 8 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا

۔سندھ کے محمد طحہ 47 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔انہوں نے شان مسعود کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 34 رنز کی شراکت قائم کی۔شان مسعود 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ان کے علاوہ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے سندھ کے باقی دو بیٹر خرم منظور اور دانش عزیز نے بالترتیب 11 اور ناٹ آٹ 19 رنز بنائے۔اس سے قبل سندھ کی دعوت پر بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 54 رنز کا پراعتماد آغاز ملنے کے باوجود ان کی بیٹنگ لائن اپ اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

بلوچستان کے ابتدائی تین بیٹرز کے علاوہ کوئی بھی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔کپتان سہیل اختر ناٹ آٹ 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ عبدالواحد بنگلزئی نے 29 اور عبداللہ شفیق نے 22 اسکور بنائے۔بلوچستان نے مقررہ بیس اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔ابرار احمد نے 2 جبکہ دانش عزیز اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔