نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و امدادی سرگرمیوں سے متعلق آپریشن روم قائم کر دیا

106
NDMA
NDMA

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کے متعلق آپریشن روم قائم کر دیا۔ منگل کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق آپریشن روم سے ٹیلیفون نمبر 051-9205037 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین سے اس نمبر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کی سہ پہر زلزلہ کے جھٹکوں سے آزاد کشمیر کا علاقہ میرپور شدید متاثر ہوا ہے۔ زلزلہ کے فوری بعد این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں کے لئے بھیج دی گئیں۔ دریں اثناءچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے زلزلہ سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس صورتحال میں بہت جلد بحران پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 50 لوگوں کے زخمی ہونے اور ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں متعلقہ انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔