اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب میں کمی کا رجحان برقرار رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے سیلابی صورتحال کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی ۔
این ڈی ایم اے کی مون سون اپڈیٹ کے مطابق گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب میں کمی آئی۔اسلام کے مقام پر دریائے ستلج میں کم درجے کے سیلاب میں بھی کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث جن اضلاع کو خطرہ ہے ان میں قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، پاکپتن اور وہاڑی شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پی ڈی ایم اے دریائے ستلج پر جی ایس والا، سلیمانکی اور اسلام کے نشیبی علاقوں کی آبادی کو بروقت پیشگی انتباہ اور خطرے سے دوچار افراد کے انخلاء کو یقینی بنائے اور کیمپوں میں بے گھر لوگوں کو طبی دیکھ بھال اور امدادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
علاوہ ازیں حساس علاقوں کی جانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھیں۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ کہ نقل مکانی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔