نیشنل گروپ کا محور متحرک و مخلص ٹریڈ پالیٹکس ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو فوری اور ترجیحی طور پر حل کرایا جا سکے،تاجر رہنما میاں محمد ادریس

58
مانسہرہ

فیصل آباد ۔ 05 ستمبر (اے پی پی):نیشنل گروپ نے کہا ہے کہ اس کا محور متحرک اور مخلص ٹریڈ پالیٹکس ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو فوری اور ترجیحی طور پر حل کرایا جا سکے۔ یہ بات گروپ لیڈر میاں محمد ادریس نے غلہ منڈی کے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے غلہ منڈی کے الیکشن میں جیتنے والے گروپ کو مبارکباد دی اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز تمام صنعتی اور تجارتی ایسوسی ایشنوں کی ماں ہے اور اس کے پلیٹ فارم سے نہ صرف مسائل کو نمایاں کیا جاتا ہے بلکہ وفاقی،صوبائی اور مقامی سطح پر ان کو حل بھی کرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں گروہ بندی کے باوجود ان کو چیمبر میں مؤثر نمائندگی دی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے مسائل کو حل کرانے کے لئے چیمبر کے پلیٹ فارم کو استعمال کر سکیں۔

انہوں نے غلہ منڈی کے منتخب عہدیداروں سے کہا کہ وہ مین سٹریم پالیٹکس کا حصہ بنیں تاکہ وہ الیکشن کے دوران اپنے ممبروں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ عدالتی چارہ جوئی کی وجہ سے اس سال چیمبر کا الیکشن نہیں ہو رہا اِس لئے ان کو فور ی طور پر ایگزیکٹو کمیٹی میں نمائندگی نہیں دی جا سکتی تاہم یکم اکتوبر سے غلہ منڈی کے تاجروں کےلئے دو الگ الگ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی،اس طرح آپ کے منتخب نمائندے بھی اپنے مسائل اور ان کے حل کےلئے سفارشات چیمبر کے عہدیداروں تک پہنچا سکیں گے تاکہ عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

کسٹم کے حوالے سے غلہ منڈی کے تاجروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد چیمبر کے صدر سے ملاقات کر کے انہیں تاجروں کے مسائل سے آگاہ کریں گے تاکہ ان کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ انجمن تاجران غلہ منڈی کے چیئرمین رانا طیب خان نے کہا کہ وہ الیکشن جیت کر بر سر اقتدار آئے ہیں، اس وقت غلہ منڈی کے تاجروں کی تعداد 541ہے جو آئندہ الیکشن تک 900تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل چیمبر میں ان کی تنظیم کو نمائندگی نہیں دی گئی تھی تاہم ان کی کامیابی کے بعد سے اب تک ان کے 50ممبروں نے چیمبر کی ممبر شپ حاصل کی ہے۔

میٹنگ میں سینئر نائب صدرچیمبر ڈاکٹر سجاد ارشد، غلہ منڈی کے صدر منظور قاردر، جنرل سیکرٹری محمود رحمانی، سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد، وائس چیئرمین ہمایوں خالد، انجمن تاجران سٹی سکا گروپ کے وائس چیئرمین اسامہ سعید اعوان، یونس جمال، رانا محمد زبیر، حافظ امداد الٰہی، محمد احمد، عبدالقدوس اور ملک حاکمین اعوان بھی موجود تھے۔