نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں سیفٹی آگاہی مہم کے تحت سیمینارز کا انعقاد

10

لاہور۔23جون (اے پی پی):نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں "سیفٹی آگاہی مہم 2025” کے تحت حفاظتی تربیتی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا، عوامی شعور بیدار کرنا اور عملے کو اپنی حفاظت سے متعلق آگاہی و مہارت سے لیس کر کے حادثات کی شرح کو صفر تک لانا ہے۔ ترجمان کے مطابق سیفٹی مہم کے تحت 500 کے وی گرڈ سٹیشنز؛ نیو لاہور، یوسف والا (ساہیوال)، گٹی (فیصل آباد) اور 220 کے وی گرڈ سٹیشنز؛ نیو کوٹ لکھپت، واپڈا ٹاون، راوی، غازی روڈ، بند روڈ، شالامار، سرفراز نگر، گجرات، ڈہرکی، جھمپیر-ٹو (سندھ) اور انڈسٹریل-ٹو کوئٹہ میں تربیتی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ان سیمینارز میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی، ہنگامی صورتحال میں ردعمل اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق اہم حفاظتی طریقہ کار پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

شرکا کو کارڈیو پلمونری ریسسٹی ٹیشن کی عملی تربیت دی گئی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے، حفاظتی اقدامات اور جان بچانے کے طریقہ کار کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ این جی سی افسران نے گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن پر کام کے دوران ممکنہ خطرات، فیلڈ انسپکشن کے طریقہ کار، ذاتی تحفظ کے آلات کا معیار اور نیپرا کی جانب سے متعارف کردہ نئے پرمٹ ٹو ورک پرفارما جیسے اہم موضوعات پر بریفنگز دیں۔اس کے علاوہ، چند گرڈ سٹیشنز پر ریسکیو 1122 کی جانب سے بھی ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ، فائر فائٹنگ اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری سے متعلق سیشنز منعقد کیے گئے۔ سیمینارز میں این جی سی کے مختلف شعبہ جات بشمول مینٹیننس، آپریشنز، پروٹیکشن، سکیورٹی اور ایڈمن کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی، انجینئر محمد شاہد نذیر نے سیفٹی آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عملے کی حفاظت ہمارے آپریشنز کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مہم میں شامل تمام افسران و ملازمین کی محنت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کاوشیں افرادی قوت کے ساتھ ساتھ ہمارے انفرا سٹرکچر کے تحفظ کو بھی یقینی بناتی ہیں۔