اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی تمام قومی شاہراہوں کو بحال کرنے کیلئے پر عزم ہے،اس ضمن میں تمام شاہراہوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ سوات ایکسپریس وے پر لینڈ سلائڈنگ کو جزوی طور پر کلیئر کرکے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے، کراچی سے کوئٹہ تک سیلاب کے باعث متاثر ہونے والی شاہراہوں پر این ایچ اے کا فیلڈ کا عملہ موجود ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اسعد محمود کی ہدایت پر بلا تفریق این ایچ اے صوبائی شاہراہوں اور لنکس روڈ کو بحال کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیرکی ہدایت پر چیئرمین این ایچ اے بلوچستان میں شاہراہوں کی بحالی کے کام کی نگرانی کے لئے بلوچستان میں موجود ہیں ، تمام ممبران فیلڈ میں ہیں ۔ این ایچ اے کا عملہ بلاتفریق قومی شاہراہوں کے ساتھ صوبائی شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے کھولنے میں مصروف ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ مواصلات اسعد محمود کی ہدایت پر ممبر این ایچ اے خیبر پختونخوا، مرشد امین نے کمراٹ کا دورہ کیا اور وہاں دیر۔ کمراٹ صوبائی سڑک کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار میں مزید تیز ی لانے کے لئے اقدامات کیے۔ این ایچ اے فیلڈ سٹاف کو بھاری مشینری کے ساتھ لنکس روڈ اور شاہراہوں کی بحالی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے تا کہ وہ بری کوٹ گائوں کے قریب آنے والے ملبے کو ہٹائیں، سیلاب کے باعث بری کوٹ کے مقام سے سڑک تقریبا 1کلومیٹر تک بہہ چکی تھی ،جسے اب ٹریفک کے لیے بحال کر دیاہے اور وہاں پھنسے ہوئے سیاحوں کو بھی بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔ دیر ۔کمراٹ سڑک بحال ہونے سے خوراک، ادویات، ایندھن وغیرہ کے لئے اہم سپلائی لائن بحال ہوگئی ہے۔
مقامی آبادی نے ٹریفک کی فوری بحالی پر این ایچ اے کا شکریہ ادا کیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ سفری ہدایات کے مطابق قراقرم ہائی وے ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بحال ہے۔ تھاکوٹ تا کیال پل ہر قسم کی دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ اچھار نالہ پل بھی ہر قسم کی دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھلا ہے، سومر نالہ پل دو طرفہ ہلکی ٹریفک کے لئے کھلا ہے۔سازن تا خنجراب سیکشن بھی ہر قسم کی دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
مسافروں اور بڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اچھار نالہ، کیال پل اور زید کھوار کے علاقے کو عبور کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔ این یچ اے اور ایف ڈبلیو او کی ٹیمیں قراقرم ہائی وے پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے متحرک ہیں ۔