اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کو پاور ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیلم جہلم منصوبے کو پہاڑ کے اندر کریک سے پہنچنے والے نقصان کی مرمت کا کام چھ ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔
پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شگفتہ جمانی کے سوال پر وزارت پانی وبجلی کی طرف سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے ایوان کو بتایا کہ نیلم جہلم اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ ملکی معیشت کے لئے بھی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے سے متعلق تمام تر تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا گیا ہے، پہاڑ کے اندر کریک سے نقصان ہوا ہے۔ چینی کمپنی کو ٹینڈر دیا گیا ہے، چھ ماہ کے اندر مرمت کا کام ہوگا۔ وزیراعظم نے خصوصی کمیٹی بھی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کے اندر کام بہت مشکل ہے۔