نیلم،موبائل فوڈ ٹیسٹنگ مشین کی فراہمی پر فوڈ اتھارٹی آزادجموں وکشمیر نے نیلم میں دودھ کاٹیسٹ کرنا شروع کردیا

106

نیلم۔ 14 جنوری (اے پی پی):حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ مشین کی فراہمی پر فوڈ اتھارٹی آزادجموں وکشمیر نے نیلم میں انفراریڈ الٹرا ساؤنڈ مشین سے دودھ کی ٹیسٹنگ کے کام کاآغازکردیاہے۔ پہلے مرحلے میں 9 ہوٹلز میں چائے کیلئے تیارکردہ دودھ چیک کیاگیاجوخالص نکلا۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم آئندہ کھلے دودھ کو چیک کرنے کے لیے موقع پر ایکوملک مشین کااستعمال کریگی۔فوڈ اتھارٹی نے پہلی مرتبہ کھلے دودھ کی چیکنگ کے لیے باقاعدہ جدید ایکوملک انفراریڈ الٹرا ساؤنڈمشین کا استعمال کیاہے۔

جدیدمشینری سے کھلے دودھ میں ممکنہ ملاوٹ کی جانچ پڑتال ایک منٹ میں ممکن ہو سکے گی۔ قبل ازیں کھلے دودھ میں ملاوٹ کی چیکنگ کے لیے نمونے مرکزی لیبارٹری کو بھجوائے جاتے تھے جس سے قیمتی وقت کے ضائع کیساتھ ساتھ ملاوٹ مافیا کے بچنے کے مواقع بھی ہوتے تھے۔نمونے لیبارٹری سے منگوانے تک ایک ہفتے کاوقت درکار اور بھاری فیس دیناپڑتی تھی۔ایکوملک انفرا ریڈالٹراساؤنڈمشین سے دودھ میں پانی، یوریا،فارمولین اور پاؤڈر کے علاوہ دیگر اجزاء کی ملاوٹ فوری چیک کی جاسکے گی۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میرکے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں بتایاگیا کہ جدید مشین موبائل لیبارٹری کے طورپر ملاوٹ کی موقع پر نشاندہی کریگی۔ایکوملک انفرا ریڈ الٹرا ساؤنڈ مشین سے عملہ کاوقت بھی بچے گااور مافیا کے گرد گھیرا بھی تنگ رہے گا۔